یوم استحصال کشمیر،پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا پیغام،اظہار یکجہتی

0
89
kashmir

آج پاکستان و کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے پاچ سال مکمل ہونے پر صدر مملکت، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے پیغامات جاری کئے گئے ہیں

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔

بھارت نے طاقت کے ذریعے آج ہی کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جسے کشمیریوں نے مسترد کردیا ، بھارت نے 05 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کو مکمل فوجی چھاؤنی میں تبدیل کیا،بھارتی فوج کی بربریت سے 5سال کے دوران 907 کشمیری شہید، 2400 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 24 ہزار کو گرفتار بھی کیا گیا،کشمیری عوام کی طرح پاکستان کا بھی عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم کا نوٹس لیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم استحصال پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 سال قبل بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اٹھائے،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے اور سیاسی منظر نامے کو بدلنے کیلئے ایک مسلسل مہم کا آغاز کر چکا ہے، بھارت کے یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیر ی عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔

بھارت غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، ظالمانہ قوانین کو ختم کرے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مزموم بھارتی اقدامات اور ان کے سنگین نتائج کی شروعات ہوئی، بین الاقوامی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکے، بھارت غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، ظالمانہ قوانین کو ختم کرے،جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے، پاکستان کشمیری عوام کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کا یوم استحصال پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی
یوم استحصال کے موقع پر مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے باہمت عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، فوجی سربراہان اور مسلح افواج نے کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی دوٹوک حمایت کرتے ہیں، بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور فوجی محاصرہ کے اقدامات قابل مذمت ہیں، مقبوضہ علاقہ میں آبادیاتی ساخت میں غیرقانونی تبدیلی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ غیرمنصفانہ اقدامات اور بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز بیانات علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہیں خطے میں پائیدار امن واستحکام تنازع کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے وابستہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شہدا کی غیرمعمولی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر غیرمتزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

کشمیر ایک دن پاکستان میں شامل ہوگا اور پاکستان کا حصہ ہوگا۔اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کہا کہ 5 سال قبل بھارت نے اپنے آئین میں ترمیم کر کے جو کام کیا وہ غیر آئینی ہے، وہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے منافی ہے، بھارت کو لگتا ہے کہ وہ آئین میں ترمیم کر کے ترمیم کر سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے بھارت کا کوئی بھی فیصلہ کشمیر کو لے کر وہ قابل قبول نہیں، شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی حکومت اس وقت کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے دنیا میں، ہم نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اسی طرح ہم نے غزہ کے لیے بھی آواز اٹھائی، بھارت اگر جمہوریت کا دعوے دار ہے تو کشمیر میں رائے شماری کروائے، بھارت کشمیر کا نقشہ بدلنا چاہتا ہے تاکہ غیر مقامی لوگ وہاں پراپرٹی خریدیں، وہاں رہائش اختیار کریں، اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیں،ہ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ کشمیریوں کو آزادی عطا فرمائے تاکہ وہ اپنے دین کو آزادی کے ساتھ اپنا سکیں، کشمیر ایک دن پاکستان میں شامل ہوگا اور پاکستان کا حصہ ہوگا۔

بھارت کے تمام تر مظالم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہیں کر سکے،وزیر داخلہ محسن نقوی
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،5 اگست کو دنیا کے سامنے ناصرف ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا بلکہ کشمیریوں پر نہ ختم ہونے والے مظالم بھی سب کے سامنے واضح ہوئے، کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیریوں کا خصوصی سٹیٹس چھین کر انسانیت کے خلاف جرم کیا اور کشمیری قوم کی شناخت ختم کرنے کی سازش کی، کشمیری نوجوانوں کو روزانہ جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں ماورائے عدالت شہید کیا جا رہا ہے، کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے،مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، بھارت کے تمام تر مظالم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہیں کر سکے، مقبوضہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے،بین الاقوامی برادری کو کشمیری عوام کی آواز پر بیدار ہونا پڑے گا، کشمیری بھائی اور بہنیں آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم انسانیت سوز ہیں؛بھارت اپنے جارحانہ اقدامات سے کشمیریوں کو اُن کے حقِ رائے دہی سے محروم نہیں رکھ سکتا؛پاکستان کشمیریوں کی آواز بن کر پوری دنیا میں گونجے گا؛ بھارت کا مکرو چہرہ دنیا پر واضح ہوچکا ہے ، پوری دنیا کو کشمیرپر ڈھائے گئے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی؛ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے؛ 5 اگست 2019 کے اقدام نے بھارت کے دوغلے سیکولرازم کا بھانڈا پھوڑ دیا؛پاکستان ہر فورم پر کشمیر کی آواز بنے گا،

اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ، لیکن ہماری آزادی کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے. خالد مسعود سندھو
صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے 05 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سے پانچ سال قبل مودی حکومت نے یکطرفہ طور پر آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35A کو منسوخ کر کے ناصرف کشمیری قوم اور دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کی بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی۔05اگست 2019 کے اقدام کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ،بہادر کشمیری قوم نےاس سب کے باوجود کبھی بھی انتہا پسند مودی حکومت کے فاشسٹ فیصلے کو قبول نہیں کیا اور اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھےہوئے ہیں۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ پوری پاکستانی قوم کی جانب سے جدوجہد آزادی میں شہید ہونے والےعظیم شہداء اور کشمیری قوم کو سلام پیش کرتی ہے۔کشمیر و پاکستان کا تعلق نظریے ،ایمان اور دل و جان کا ہے جسے انتہاپسند بی جے پی کا کوئی بھی اقدام ختم نہیں کرسکتا۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ حکومت پاکستان کو اس موقع پر ان کی ذمہ داری یاد دلاتی ہے کہ اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے لیکن ہماری آزادی کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے.،ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، حکومت پاکستان بھارت کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف دنیا بھر میں سفارتکاری کو تیز کرے۔مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ،کشمیری قیادت کی گرفتاریاں، کرفیو،مواصلاتی بلیک آئوٹ اور کشمیریوں پر وحشیانہ کریک ڈائون جیسے مودی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات کشمیری قوم کو انکی جدوجہد آزادی سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکے ،بہادر کشمیری قوم کبھی بھی بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کے آگے نہیں جھکی اور نہ ہی بھارتی غیر قانونی قبضے کو کبھیی تسلیم کرے گی۔خالد مسعود سندھو نے عالمی اداروں اور دنیا بھر کے انصاف پسندوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کے غیر آئینی اقدامات کو روکنے اور کشمیریوں کو انکا بنیادی حق آزادی دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے مزید کہا کہ 05 اگست 2019 کا جارحانہ اقدام بی جے پی اور مودی کے انتہاپسندانہ سوچ کا عکاس اور کشمیری قوم کی آواز کو دبانے اورانہیں ان کے حقوق سے محروم کرنے کے لیے کیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے

Leave a reply