9 مئی کے واقعات ناقابل فراموش ہے ، بغاوت کے خلاف سخت موقف اختیار کرنا ہو گا،خواجہ آصف

0
78
khwaja asif

وزیر دفاع خواجہ آصف نے 9 مئی کے واقعات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن ایک گروہ نے منظم سازش کے تحت بغاوت برپا کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی۔ انہوں نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ بغاوت افواج پاکستان کے اتحاد کے خلاف تھی اور اسے ایک شخص نے انجام دیا جو اپنا اقتدار کھو چکا تھا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جب تک 9 مئی کے واقعات کا مناسب حل نہیں نکلتا، مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے کیسز کے فیصلے جس طرح ہونے چاہیے تھے، ویسے نہیں ہو رہے اور ملوث افراد کو آج بھی قانونی تحفظ مل رہا ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ ہر مسئلے پر حکومت کے ساتھ ہے۔وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی اور میڈیا پر ہونے والا پروپیگنڈا جھوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نئے انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور اگر کبھی قبل از وقت انتخابات کی ضرورت پیش آئی تو اس کا فیصلہ حکومت کرے گی۔خواجہ آصف نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اللّٰہ کے فضل سے موجودہ حالات میں حکومت مستحکم ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔

Leave a reply