ڈیرہ:دراہمہ کریمینلز کی چھاؤنی بن گیا،امن کی موت،پولیس دیہاڑی لگانے میں مصروف

ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)دراہمہ کریمینلز کی چھاؤنی بن گیا،امن کی موت،پولیس دیہاڑی لگانے میں مصروف،دراہمہ میں امن و امان کی صورتحال خراب، پولیس کی کارکردگی پر سوالات،عوام کی امن کیلئے دعائیں اور شہریوں کی سسکیاں بلند،وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کاعوامی مطالبہ

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کا تھانہ دراہمہ جرائم کی دلدل میں دھنس گیا ہے۔ علاقے میں قتل، ڈکیتی اور زنا بالجبر کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس رشوت لینے میں مصروف ہے اور انصاف ملنا مشکل ہو گیا ہے،تھانہ دراہمہ جوکہ بین الاضلاعی تھانہ و چیک پوسٹ بھی ہے، اس وقت پولیس کے کرپٹ عناصر کے لیے سونے کی چڑیا بن گیا ہے کیونکہ جب تھانہ کی حدود میں ایک قتل ہوتا ہے تواس وقت پولیس کی لاٹری نکل آتی ہے، یہاں تھانہ دراہمہ کی حدود میں عوام کی بد بختی اور پولیس کی خوش قسمتی 1ماہ میں4 افراد قتل ہوئے جبکہ 1مبینہ پولیس مقابلے میں ماراگیا۔

دوسری طرف دن دیہاڑے ڈاکو گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل موبائل نقدی چھین کر آرام سے فرار ہورہے ہیں بات یہاں ختم نہیں ہوتی چوروں نے عوام کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں کہتے ہیں پولیس جاگتی ہے تو عوام سکون کی نیند سوتی ہے مگر دراہمہ میں معاملہ الٹ ہے، عوام جاگ کر راتیں گزار رہی ہی جبکہ پولیس لمبی تان کر سو رہی ہے، کچھ سائلوں کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمہ درج کرنے کی بھی ایک معقول رقم مانگتی ہے نہ دینے پر سائل کو ذلیل و خوارکردیاجاتا ہے، پولیس تفتیش کے نام پر بھی ہزاروں روپے بٹورتی ہے ۔

اگر کسی سائل نے پولیس کیخلاف پریس کانفرنس کی ہوتو اگلے چند لمحوں میں وہی سائل پولیس کے نرغے میں ہوتاہے اور اس سے ویڈیوبیان جاری کرایا جاتاہے کہ پولیس نے ہم سے کوئی رقم نہیں لی اورپولیس ہم سے تعاون کررہی ہے اور حق سچ کی آواز کودبادیاجاتا ہے اور جس صحافی یامیڈیا گروپ نے متاثرہ کی نیوزچلائی ہوتی ہے اس کے خلاف پولیس مختلف اوچھےہتھکنڈے استعمال کرکے اسے پریشان کرتی ہے ،

ایک شہری نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک بیوہ خاتون مقدمہ کے اندراج کے لیے تھانہ دراہمہ گئی تو تفتیشی نے اس بیوہ سے 50 ہزار روپے مانگے توخاتون نے انکار کیا اور ایک مقامی سردار ایم این اے کو شکایت لگائی توکچھ دنوں بعدجب خاتون دوبارہ تھانے گئی تو تفتیشی نے جواب دیا جب تک میں یہاں ہوں آپ کا مقدمہ درج نہیں کروں گا یا پھر آپ اس سردار صاحب کے پاس جائیں جسکو میری شکایت لگائی ہے ،

ظریف چوک کے رہائشی اللہ وسایا نے کہا کہ میں چوری کے مقدمہ کا مدعی ہوں اور تفتیشی نے مجھ سے 40ہزار روپے بٹورے ہیں جب
بات میڈیا کے علم آ گئی تو اب تفتیشی نے صاف انکار کردیا ہے کہ میں مقدمہ بھی خارج کردوں گا، آپ اپنے ملزمان بھی صحافیوں سے پکڑوائیں، زنا بالجبر کے واقعات کا تسلسل بھی جاری ہے، حدودِ تھانہ دراہمہ اس وقت جرائم پیشہ افراد کے لیے محفوظ ترین پناہ گاہ اور پولیس کی کمائی کا مرکزبن چکا ہے بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی، زنا بالجبر ،قتل کی وارداتوں سے عوام میں خوف پایا جاتا ہے،عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نوازشریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply