لنڈی کوتل: افغانستان میں پھنسی ہوئی  گاڑیوں کو پاکستان واپسی کی اجازت دیدی گئی، محمد یونس ودیگرکی پریس کانفرنس

لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد یونس اور ممبر مولانا حضرت اللہ شینواری نے لنڈیکوتل پریس کلب( رجسٹرڈ ) میں ٹرانسپورٹرز و ڈرائیورز کے ساتھ پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی اے ڈی اور ویزہ نہ ہونے کے باعث پچھلے 20 دن سے ٹرانسپورٹرز کی خالی گاڑیاں افغانستان میں پھنس گئی تھیں جس کی وجہ سے ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو بیشتر مسائل کا سامنا تھا، انہوں نے کہا کہ آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے لئے کافی تگ و دو کیا اور ان کی فریاد کسٹم حکام اور افغان بارڈر حکام تک پہنچائی جس پر دونوں ممالک کے بارڈر حکام نے مثبت ردعمل دکھایا  اور  افغانستان میں پھنسی ہوئی  گاڑیوں کو پاکستان واپسی کی اجازت دیدی گئی،

آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ممبر مولانا حضرت اللہ شینواری نے دونوں ممالک کے بارڈر حکام سے ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کے لئے نرمی پیدا کرنے کا مطالبہ کیا ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیورز کو دستاویزات بنوانے کے لئے کم از کم 6 مہینے کی مہلت دی جائے اور دستاویزات بننے تک انہیں ٹوکن پر بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی جائے یا پھر پرانے سسٹم کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ 

علاوہ ازیں ٹرانسپورٹرز و ڈرائیورز نے آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم کئی دنوں سے فریاد کررہے تھے لیکن کسی نے ہماری فریاد نہیں سنی ،جس کے بعد ہم آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے پاس گئے جنہوں نے ہماری مشکل حل کردی،

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے مسلسل آواز اٹھانے پر ہم لنڈیکوتل پریس کلب( رجسٹرڈ ) کے ممبران کے بھی شکرگزار ہیں

Leave a reply