گھوٹکی: وزیر زراعت نے بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا

میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق علی لغاری)صوبائی وزیر زراعت، اینٹی کرپشن اور ضلع گھوٹکی رین ایمرجنسی کے فوکل پرسن سردار محمد بخش مہر نے گھوٹکی کا دورہ کیا اور بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور دیگر بلدیاتی افسران نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر زراعت نے شہید جان محمد مہر اور نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ شہید صحافیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

انہوں نے ڈنگڑو کینال اور بگو کینال پر دوبارہ کام کروا کے مستقل حل کے لیے منصوبہ جوڑنے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی، سرفیس ڈرین کی بحالی کے لیے شروع کیے گئے کروڑوں روپے کے منصوبے پر کام نہ ہونے پر انکوائری کا حکم دیا۔

وزیر زراعت نے ضلع گھوٹکی کی سرکاری اسپتالوں میں ادویات، عملے کی کمی اور سہولیات نہ ملنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر صحت اور محکمہ صحت سے رابطہ کرکے جلد تدارک کیا جائے گا۔

انہوں نے گھوٹکی میں انجنیئرنگ یونیورسٹی اور تعلیمی ادارے قائم کر کے بیروزگار نوجوانوں کو تربیت دے کر صنعتی اداروں میں روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

بارش سے متاثر ہونے والے افراد کی ہر ممکن مدد کا یقین دلاتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ بارشوں کے پانی کی نکاسی میں کوئی کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر زراعت نے ضلع گھوٹکی کے عوام کی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ ضلع گھوٹکی کے بڑے چھوٹے نالوں، سیم نالوں اور نہروں کی نگرانی کی جائے۔

Leave a reply