وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سیکرٹری خارجہ اور سفیروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی

0
81

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو نئے سیکرٹری خارجہ اور مختلف ممالک میں پاکستان کے نئے سفیروں کی تعیناتی کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے دستخط شدہ سمری وزارت خارجہ کو موصول ہو گئی ہے۔نئے سیکرٹری خارجہ کے طور پر پاکستان کی یورپی یونین میں موجودہ سفیر آمنہ بلوچ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ آمنہ بلوچ آئندہ ماہ سائرس سجاد قاضی کی ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔ اس ضمن میں وزیراعظم شہباز شریف نے دو روز قبل تعیناتی کی منظوری دی تھی، جس کی بنیاد وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارش پر رکھی گئی۔
وزیراعظم آفس نے سفیروں کی تعیناتی کی سمری بھی وزارت خارجہ کو ارسال کی ہے، جس کے تحت پاکستان کی نئی سفیر فرانس میں ممتاز زہرا بلوچ ہوں گی۔ ممتاز زہرا بلوچ اس وقت وزارت خارجہ میں بطور ترجمان دفتر خارجہ فرائض انجام دے رہی ہیں اور آئندہ سال اپریل میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔پاکستان کے موجودہ سفیر فرانس میں، عاصم افتخار، مارچ 2025 میں نیو یارک میں بطور پاکستان کے مستقل مندوب اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ برونائی میں پاکستان کے نئے سفیر جانباز خان ہوں گے، جو اس وقت کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں قونصل جنرل کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کینیڈا میں محمد سلیم ہوں گے، جو اس وقت وزارت خارجہ میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ملک فاروق، جو اس وقت کویت میں پاکستان کے سفیر ہیں، ساؤتھ افریقا میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ہوں گے۔ پاکستان کے بیلجیئم اور یورپی یونین میں نئے سفیر فیصل نیاز ترمذی ہوں گے، جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ یہ تعیناتیاں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور خارجہ پالیسی کے اہداف کو پورا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

Leave a reply