قصور:محکمہ ماحولیات کا ہسپتال ویسٹ کے خلاف بڑا آپریشن، 4 کباڑ خانے سیل،مقدمات درج

قصور(باغی ٹی وی بیوروچیف غنی محمود) وزیر اعلی پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی محکمہ تحفظ ماحول قصور کا ہسپتال ویسٹ میں ملوث کباڑ خانوں کیخلاف ایکشن ‘4کباڑ خانے سیل ‘مالکان کیخلاف مقدمات کیلئے استغاثے جمع ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات ‘سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات قصورانجینئر محمد عمران نے اپنی ٹیم اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی گاڑی کے ہمراہ ایسے کباڑ خانے جو ہسپتال ویسٹ میں ملوث ہیں پر چھاپے مارے تا ہم 4کباڑ خانوں سے 158کلو گرام ہسپتال کا جراثیم آلود فضلہ پکڑا گیا جس پر کاروائی کرتے ہوئے 4کباڑ خانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور مالکان کیخلاف مقدمات کیلئے متعلقہ تھانہ جات میں استغاثے جمع کروا دیئے ۔

یہ کاروائیاں شہر کے مختلف علاقوں میں واقعہ کباڑ خانوں پیرو والا روڈ ، بستی صابری ، فیروز پور روڈ اور کمال چشتی چونگی میں کی گئیں ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات انجینئر محمد عمران کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع کے تمام کباڑ خانوں کو ہسپتال ویسٹ فری بنایا جائیگا اور جو ہسپتال مالکان ویسٹ کو تلف کرنے کی بجائے فروخت کر رہے ہیں ان کیخلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

Leave a reply