ڈیرہ غازی خان: سخی سرور رودکوہی میں طغیانی، ہزاروں کیوسک پانی کا ریلا

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواد اکبر): کوہ سلیمان کے علاقے میں واقع رودکوہی میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث طغیانی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان کے مطابق، سخی سرور رودکوہی میں چند گھنٹوں میں 32 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزرے گا۔ جبکہ سخی سرور کی کل کیپسٹی 32643 کیوسک ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے انخلاء کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ متاثرہ لوگوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں کے باعث مقامی آبادی کو منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور بروقت امدادی کارروائیوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

Leave a reply