ڈیرہ اسماعیل خان میں ایم کیو ایم کی شجرکاری مہم کا آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان (باغی ٹی وی رپورٹ): ایم کیو ایم پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے گئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالقیوم قریشی ایڈوکیٹ کی زیرِ نگرانی ڈیرہ اسماعیل خان میں جی پی او چوک پر دو ہزار پودے تقسیم کیے گئے۔

شہزاد اعوان، سابق امیدوار پی کے 113 نے اس موقع پر کہا کہ شجرکاری میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ درخت نہ صرف ماحول کو صاف ستھرا رکھتے ہیں بلکہ بڑھتی ہوئی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اہداف ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 70 سے 80 ہزار پودے تقسیم کرنے کا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی یہ پہل قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مہم سے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے میں مدد ملے گی۔

Leave a reply