صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر خراج تحسین

0
63

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس کارروائی میں شامل افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ ملک کو فتنہ خوارج سے پاک کرنے کے لیے قوم کا عزم مضبوط ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل ستائش ہیں، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ وطن عزیز کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے نجات دلائی جا سکے۔
اسی طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع کرم میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کامیاب کارروائی کرنے اور فتنہ خوارج کے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پانچ دہشت گردوں کو زندہ پکڑنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ افواجِ پاکستان وطن کی حفاظت کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان اور افسران ملک کی سالمیت کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے عفریت سے وطن عزیز کی مٹی کو پاک کرنے کے لیے ان کے عزم میں شامل ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ پاک فوج ملک کے دشمن عناصر کے خلاف لڑنے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے اور قوم کا ہر فرد ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ ان بیانات سے یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عوام اور فوج یکجا ہیں، اور اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave a reply