پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں، انہیں ضائع نہیں ہونے دیں گے: آرمی چیف جنرل عاصم منیر

0
72
Asim Munir

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نوجوانوں کو قوم کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی صورت انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور یہ نوجوان ہی ہیں جو ملک کو روشن مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کی خدمت میں استعمال کریں اور مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ آزاد ریاست کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے لیبیا، شام، کشمیر، اور غزہ کے عوام کی حالت پر نظر ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سوشل میڈیا کے فتنے سے دور رکھے، تاکہ معاشرے میں انتشار اور بے چینی پیدا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ عوام، حکومت، اور فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے۔ جنرل عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جو لوگ پاکستان کی ڈیفالٹ ہونے کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں؟ انہوں نے مسلمانوں کو یاد دلایا کہ بحیثیت مسلمان، ہمیں ناامیدی سے منع کیا گیا ہے اور ہمیں ہمیشہ پرامید رہنا چاہیے۔آرمی چیف نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے زندگی کے امتحانوں کا ذکر کیا اور قرآن کی ایک آیت کا حوالہ دیا: "کیا لوگ یہ سمجھے بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائے، اور ان کی آزمائش نہ ہو گی؟” اس کے ذریعے انہوں نے نوجوانوں کو مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا۔اس موقع پر انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہیں، اور انہیں کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کے معمار قرار دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ملک کی خدمت میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو کسی بھی صورت میں نقصان پہنچانے والے عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے، اور ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے فوج، حکومت، اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

Leave a reply