گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا لاہور کے سفاری پارک کا دورہ، پودا لگایا اور عوام کو محنت کی اہمیت کا پیغام دیا

0
49

پاکستان کے معروف ایتھلیٹ اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور کے سفاری پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ماحولیات کی بہتری کے لیے پودا لگایا۔ اس موقع پر ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مدثر ریاض بھی موجود تھے، جنہوں نے ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔سفاری پارک میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ اگر ہم محنت اور لگن سے کوئی بھی کام کریں تو اللہ تعالیٰ ہمیں اس کا صلہ ضرور دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم سب ایک پیج پر رہیں اور متحد ہو کر کام کریں تو ہم بڑے سے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ارشد ندیم نے اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی، جس کے باعث وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی حمایت اور رہنمائی نے انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مدثر ریاض نے بھی اس موقع پر ارشد ندیم کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی ہے، اور یہ پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ مدثر ریاض نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ایسے نوجوانوں کو سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ارشد ندیم کا سفاری پارک میں پودا لگانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف کھیلوں میں بلکہ معاشرتی بھلائی کے کاموں میں بھی سرگرم ہیں۔ ان کا یہ اقدام عوام کو ماحولیات کے تحفظ اور درختوں کی اہمیت کے بارے میں شعور دینے کے لیے ہے۔

Leave a reply