ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر کا عوام کی مشکلات دور کرنے کا عزم مصمم

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،نیوزرپورٹر شاہی خان): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے بھٹہ کالونی کا دورہ کر کے علاقے میں پانی کی نکاسی اور کچرے کے ڈھیر کے مسئلے کا خود جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے اضافی مشینری لگائی جائے اور کچرے کو فوری طور پر اٹھا کر ڈسپوزل سٹیشن منتقل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ علاقے میں بجلی کی مسلسل بندش کا مسئلہ بھی ہے اور اس سلسلے میں میپکو کو فوری طور پر بجلی کی بحالی کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ماڈل ٹاؤن سکھیرا کالونی بلاک کا بھی دورہ کیا اور علاقے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سی او ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ گلیوں میں گڑھے پُر کریں اور کچرے کے ڈھیر کو ہٹائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ وہ عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

Leave a reply