سیالکوٹ:خوراک کے معیار میں غفلت برتنے والوں کا کاروبار بند کر دیا جائے گا،عاصم جاوید

سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)ملاوٹ مافیا کو کچلا جائے گا: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،گوجرانوالہ روڈ پر واقع معروف بیورج انڈسٹری پر چھاپہ مار کر 18 ہزار 830 لٹر ایکسپائر ڈرنکس تلف کیے گئے اور ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

سیالکوٹ: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ روڈ پر واقع ایک معروف بیورج انڈسٹری پر چھاپہ مار کر 18 ہزار 830 لٹر ایکسپائر کاربونیٹڈ بیوریجز برآمد کرکے تلف کردی ہیں۔ اس کارروائی کے دوران پروڈکشن یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ایکسپائر بیوریجز کو قریبی دیہاتوں اور چھوٹی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ سٹوریج ایریا میں حشرات کی بہتات اور دیواروں پر جالوں کی موجودگی بھی پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد اور غیر معیاری کاربونیٹڈ ڈرنکس کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ خوراک کے معیار میں غفلت برتنے والوں کا کاروبار بند کر دیا جائے گا اور پنجاب کے باسیوں تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر صحت مند پنجاب مشن زور و شور سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

فوڈ بزنس آپریٹرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ سے قوانین کے مطابق کاروبار کرنے کے لیے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

Leave a reply