وزیراعظم شہباز شریف کی ڈاکٹر فہد الترکی سے ملاقات: ڈیجیٹل معیشت اور زر مبادلہ پر گفتگو

0
108

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور عرب مانیٹری فنڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر فہد الترکی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور عرب ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور ان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تاریخی روابط ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ملک میں زر مبادلہ کو قانونی طریقے سے لانے کے لیے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اس حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ ملک کی معیشت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد وطن عزیز کے لیے اہم زر مبادلہ بھیجتی ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے کہا کہ بونا اور راست کے تعاون سے پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ استوار ہونا ایک انتہائی خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے بونا، راست کنیکٹیویٹی پراجیکٹ کو ملک میں ڈیجیٹل لین دین کو مؤثر بنانے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اہم اقدام ملک میں ترسیلات زر کے بہاؤ کو با ضابطہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ بونا اور راست کی بدولت پاکستانیوں کے لیے اپنے پیسے پاکستان بھیجنا نہ صرف آسان ہوگا بلکہ یہ عمل زیادہ سستا بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بونا، راست منصوبہ ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔عرب مانیٹری فنڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر فہد الترکی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عرب دنیا سے باہر پہلا ملک ہے جو بونا منصوبے سے منسلک ہوا ہے۔ انہوں نے بونا، راست کی بدولت دونوں ممالک کی معیشتوں میں باہمی تعاون اور اعتماد کے ساتھ ترقی کی توقع ظاہر کی۔ ڈاکٹر فہد نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی باہمی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a reply