اندرونی خلفشار اور یوٹرن کی سیاست نے پی ٹی آئی کے کارکنان کو مایوس کیا.شازیہ مری

0
108
shazia

پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے پی ٹی آئی کی موجودہ صورتحال اور قیادت کے طرز سیاست پر کڑی تنقید کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت شدید اندرونی خلفشار کا شکار ہے اور پارٹی قیادت کو خود بھی سمجھ نہیں آرہا کہ انہیں کیا کرنا ہے۔شازیہ مری نے پی ٹی آئی کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ کو پارٹی کی ناکام پالیسیوں اور غیر مستحکم قیادت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنی غیر سنجیدہ سیاست اور مستقل یوٹرنز کے ذریعے اپنے کارکنان کو مایوس کر دیا ہے۔ ان کے بقول، پارٹی کے اندرونی اختلافات اور غیر واضح حکمت عملی نے پی ٹی آئی کو ایک ایسے مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں وہ نہ صرف عوامی حمایت کھو چکی ہے بلکہ اس کے اپنے کارکنان بھی ان کی پالیسیوں سے تنگ آگئے ہیں۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور صرف اور صرف تماشہ بنانا رہ گیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ سیاست کریں، تماشہ نہیں، اور ملک کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی ایمپائر نہیں ہے جو ان کی فرمائشیں پوری کرے، لہٰذا وقت ہے کہ وہ اپنی روش تبدیل کریں۔
پیپلز پارٹی کی ترجمان نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر ایک مغرور قیادت کی ایما پر لوگوں کو سڑکوں پر بلا وجہ تنگ کیا گیا۔ چھوٹی چھوٹی ٹولیاں بنا کر راستے بند کیے گئے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شازیہ مری نے بانی پی ٹی آئی کی سیاست کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کے یوٹرنز نے نہ صرف عوام کو مایوس کیا ہے بلکہ ان کے اپنے کارکنان بھی اب ان کی قیادت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستان ہم سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے اور اپنی ذات بعد میں آتی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے عوام کے مسائل کو نظر انداز کر کے اپنی سیاست کو مقدم رکھا ہوا ہے، جو کہ ملکی ترقی اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاستدانوں کو ملک کے مفاد میں سوچنا چاہیے اور عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔

Leave a reply