پی ٹی آئی کو آنے والے دنوں میں بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ملے گی ، گورنر کے پی

0
114
faisal kareem

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کی کوشش کو روکا جائے گا، اور پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، لیکن یہ جلسہ حکومت کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے باعث پارٹی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں جلسے کرنے کی حالت میں نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ کسی کا باپ جلسہ سے نہیں روک سکتا، میں کہتا ہوں کہ 8 ستمبر کو بھی جلسہ نہیں کرنے دیں گے،
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کی حکومت پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کرپشن کے خاتمے کے دعویدار تھے، انہوں نے خود ریٹ فکس کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیسوں کے عوض پوسٹنگ، ٹرانسفر اور بھرتیاں طے کی جاتی ہیں، جس سے صوبے کی انتظامی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں اور انہیں فوری طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق، وزیراعلیٰ کی حکومت عوام کے اعتماد پر پورا نہیں اتر رہی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی غیر تسلی بخش ہے۔
صوبے میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کی وجہ سے صوبے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔فیصل کریم کنڈی کے یہ بیانات پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف ایک بڑی سیاسی چال کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جس کا مقصد پارٹی کی مقبولیت کو کم کرنا اور صوبے میں سیاسی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

Leave a reply