کہوٹہ کے قریب مسافر بس گہری کھائی میں گرنے 25 افراد جاں بحق،

0
82
kahota

کہوٹہ کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مسافر بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں25 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ یہ حادثہ کہوٹہ کے علاقے سون گزاری پل کے مقام پر پیش آیا جب بس آزاد کشمیر سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس میں تقریباً 25 مسافر سوار تھے۔ حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم یہ واقعہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا جس کی وجہ سے بس گہری کھائی میں جا گری۔پولیس اور ریسکیو حکام کو حادثے کے مقام تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور راستے دشوار گزار ہیں۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں اور میتوں کو بس سے نکالنے کی کوشش کی۔ انہیں قریبی ہسپتال پہنچانے کے لیے مقامی گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ریسکیو حکام نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ صدر زرداری نے اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔”صدر مملکت نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ متاثرین کی فوری مدد کریں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔یہ حادثہ ایک بار پھر ملک میں ٹریفک حادثات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ حکام ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ ایسے دلخراش واقعات کا سدباب ہو سکے۔

Leave a reply