کراچی کار ساز واقعہ:”تم میرے بابا کو نہیں جانتے”

0
75
karsaz hadsa

کراچی کے علاقے کارساز میں پیش آنے والے المناک حادثے نے شہریوں کو غم و غصے میں مبتلا کردیا ہے۔ گزشتہ پیر کو ایک بے قابو گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار باپ اور بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ اس حادثے میں مزید پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔اس افسوسناک حادثے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، لیکن حال ہی میں خاتون ڈرائیور کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد یہ بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی اس تازہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رینجرز اہلکاروں نے خاتون ڈرائیور کو مشتعل ہجوم سے بچانے کے لیے اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔
ویڈیو میں ایک آدمی کی آواز بھی سنائی دیتی ہے جو خاتون ڈرائیور پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کر رہا ہے۔ اس دوران خاتون ڈرائیور نے اُسے جواب دیتے ہوئے کہا، "تم میرے بابا کو نہیں جانتے”۔ ویڈیو میں یہ جملہ خاتون ڈرائیور کی طرف سے دو سے تین مرتبہ دہرایا گیا، جس سے عوام کے غم و غصے میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سوشل میڈیا پر جیسے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوئی، عوام نے اپنے ردعمل میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ صارفین نے نہ صرف خاتون ڈرائیور کے رویے پر تنقید کی بلکہ اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں قانون امیروں کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ غریب عوام کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے۔
عوامی ردعمل میں کئی صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس میں مکمل تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔ کچھ صارفین نے اسے امیر اور غریب کے درمیان تفریق کی واضح مثال قرار دیا ہے۔یہ واقعہ اور خاتون ڈرائیور کا رویہ عوامی شعور میں ایک مرتبہ پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی صرف غریبوں کے لیے ہے یا امیر طبقے کے افراد بھی اس کے دائرے میں آتے ہیں؟ عوامی مطالبات کے پیش نظر حکومت اور متعلقہ حکام پر دباؤ ہے کہ وہ اس کیس کی منصفانہ تحقیقات کریں اور حادثے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔معاملے کی حساسیت کے پیش نظر، عوام کا غم و غصہ اگرچہ درست اور قابل فہم ہے، تاہم یہ بھی ضروری ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا جائے۔

Leave a reply