دہشت گرد حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، وزیر اعظم سےمحسن نقوی اور سرفراز بگٹی کی ملاقات

0
66
pm meet cm BALOCH

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سکیورٹی اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں اور ان کے اثرات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا اور حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان حملوں کو بزدلانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دہشت گرد حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔
شہباز شریف نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں کا سدباب کیا جا سکے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لئے سکیورٹی فورسز کو تمام تر وسائل اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کو شکست دی جائے۔ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور صوبے میں جاری مختلف منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

Leave a reply