کندھ کوٹ: شہر میں ہرطرف سیوریج کا ٹھاٹھیں مارتاسمندر، شہریوں کا احتجاج

کندھ کوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگار نختیاراعوان کی رپورٹ) کندھ کوٹ میں سیوریج کے گندے پانی اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں نے شہر کو بدبو دار بنا دیا ہے۔ گلشیر محلہ وارڈ نمبر 12، گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول روڈ اور ڈگری کالج روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں پر گندے پانی کے تالاب بن چکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کے گندے پانی کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں جن میں ملیریا بھی شامل ہے۔ شہریوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کمیٹی کا صفائی کرنے والا عملہ 500 سے زائد افراد پر مشتمل ہے لیکن وہ اپنا کام نہیں کر رہے اور صرف تنخواہیں ہی لے رہے ہیں۔

شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے سی ایم او، ایڈمنسٹر اور چیف سپروائزر ملازمین سے رشوت لے کر انہیں کام سے آزاد کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے شہر کی صفائی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ، بلدیاتی سیکریٹری، نیب سکھر اور ڈپٹی کمشنر کشمور اس معاملے کا نوٹس لیں اور میونسپل کمیٹی میں چلنے والی کرپشن کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی گندگی اور سیوریج کے گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔

Leave a reply