خیبر میں بھی ایف بی آر ٹیکس کے خلاف احتجاجی ریلی، شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی

جمرود(باغی ٹی وی رپورٹ) ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایف بی آر ٹیکس کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے میں انجمن تاجران کے صدر کاشف اقبال آفریدی سمیت دیگر تاجروں اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ایف بی آر ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرین نے تاریخی باب خیبر کے مقام پر جمع ہو کر حکومت اور ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کا نیا ٹیکس تاجر دوست نہیں بلکہ تاجر و عوام دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس سے عام عوام متاثر ہوں گے اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے تاجر برادری کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے یہ ٹیکس واپس نہیں لیا تو وہ تاجروں کے ساتھ مل کر مزید احتجاج کریں گے۔

Leave a reply