اوچ شریف:موٹروے سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاءمسافروں کی پہنچ سے دور، صارفین پریشان

اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)موٹروے سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاءمسافروں کی پہنچ سے دور، صارفین پریشان

تفصیل کے مطابق موٹروے پر سفر کرنے والوں کے لیے مسافروں سے لوٹ مارکا نیا طریقہ سامنے آگیا،مسافروں کو سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاء کی بے تحاشا مہنگی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ٹک شاپس اور ہوٹل مالکان مسافروں کو لوٹ رہے ہیں اور ان سے دوگنی سے تین گنی زیادہ قیمت وصول کی جا رہی ہے۔

صارفین کے مطابق موٹروے سروس ایریاز اور ایم-1، ایم-2، ایم-3، ایم-4 اور ایم-5 کے باقی علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ ایک کپ چائے 100 روپے، منرل واٹر کی بوتل 85 سے 100 روپے، چپس 130 روپے اور سافٹ ڈرنکس 200 روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں۔ لنچ کا خرچ بھی 1500 سے 2200 روپے تک آ جاتا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ آویزاں ہونے کے باوجود خریدی گئی اشیا کی زائد رقم ادا کرنے پر بہت سے جھگڑے ہوتے ہیں۔ ٹک شاپس اور ہوٹل مالکان ان ریٹ لسٹوں کی پرواہ نہیں کرتے اور زیادہ رقم وصول کرتے ہیں۔

صارفین نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ سروس ایریاز میں فروخت کی جانے والی اشیاء کا معیار بھی بہت خراب ہے۔ بہت سی اشیاء ایکسپائر ہو چکی ہوتی ہیں یا پھر ناقص ہوتی ہیں۔

صارفین نے حکومت اور متعلقہ اداروں جن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی بھی شامل ہے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موٹروے سروس ایریاز میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں پر قابو پائیں اور ناقص معیار کی اشیاء کی فروخت روکیں۔

Leave a reply