منڈی بہاوالدین میں مون سون بارشوں کے بعد ڈپٹی کمشنر کا اچانک دورہ

منڈی بہاوالدین(باغی ٹی وی نامہ نگار افنان طالب)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے منڈی بہاوالدین میں رات گئے سے جاری مون سون بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے شہر میں پانی کی نکاسی اور ریلیف کیمپوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مون سون کے دوران سیلاب سے نمٹنے کے لیے پہلے سے ہی حفاظتی منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں ایم سیز اور ضلع کونسل کے افسران و عملہ دن رات مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکر مشینوں اور ڈی واٹرنگ پمپس کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل مزید تیز کیا جائے اور شہر کی سینی ٹیشن، چھوٹی اور بڑی سوریج لائنوں اور ڈرینز کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کے پانی اور گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جا سکیں۔

Comments are closed.