علی پور : بے نظیرانکم سپورٹ آفس میں غریبوں کا خون چوسنے والا مافیاء قابض

مستحق خواتین کا استحصال جاری، رشوت کے بغیر سروے ناممکن،نظام کی ناکامی کاایک منظر

اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان) علی پور میں قائم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے دفتر میں سفارشیوں اور ٹاؤٹ مافیا کا راج قائم ہوگیا ہے۔ حقیقی مستحق خواتین کو انصاف نہیں مل رہا اور وہ سارا دن دفتر کے صحن میں بیٹھ کر بغیر سروے کروائے واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

دفتر میں موجود خواتین کے مطابق دفتر کا عملہ سفارشیوں اور ٹاؤٹ مافیا کے سروے کرنے میں ہی مصروف رہتا ہے۔ مستحق خواتین کو پانی اور بیٹھنے کے لیے کرسیوں تک کا انتظام نہیں ہے۔ دفتر کے باہر پرائیویٹ لوگوں نے پارکنگ اسٹینڈ کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

سرور مائی، گانمن مائی، کنیز خاتون، غلام فاطمہ بی بی، ثمرین بی بی اور دیگر خواتین نے میڈیا کو بتایا کہ جو خواتین دفتر میں موجود ٹاؤٹس کو ایک سے دو ہزار روپے دیتی ہیں، ان کا سروے فوراً کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سی مستحق خواتین کو نااہل قرار دیا جا رہا ہے جبکہ کاروں اور جیپوں پر آنے والی خواتین کو اہل قرار دیا جا رہا ہے۔

ان خواتین نے وزیراعظم شہباز شریف، بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن شازیہ مری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سروے کی تاریخ بڑھائی جائے اور سروے کے دوران ہونے والی بدعنوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کیا جائے۔

Leave a reply