اوچ شریف: کیمیکل ملا زہریلا دودھ، شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں

اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان)اولیاء کرام کے شہر اوچ شریف میں ملاوٹ شدہ دودھ اور دہی کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔ دودھ فروشوں نے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے 180 روپے فی کلو دودھ اور 240 روپے فی کلو دہی فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ شدہ دودھ کی وجہ سے پیٹ کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے اور بچے بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں محمد رفیق، محمد زاہد بھٹی، محمد حفیظ، محمد عامر یونس سمیت دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ دودھ فروش کم نرخوں پر خریدے گئے ناقص اور غیر معیاری دودھ کو مہنگے داموں فروخت کرکے شہریوں میں بیماریاں پھیلا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ملاوٹ سے پاک دودھ ڈھونڈنا ان کے لئے جوئے شیر لانے کے برابر ہے ، اوچ شریف شہر کی گلیوں محلوں میں سر عام کیمیکل اور پاوڈر ملا دودھ فروخت ہو رہا ہے لیکن فوڈ اتھارٹی سمیت کوئی ادارہ ان کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں وہ جائیں تو کہاں جائیں.

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کو اوچ شریف شہر میں دودھ لانے اور بیچنے والے گوالوں کا دودھ چیک کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

Leave a reply