کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارشوں کا امکان، سمندری طوفان اسنی کا خطرہ

0
84
strom

محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں رات کے وقت تیز بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ہفتہ 31 اگست تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے۔ زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ 48 سال بعد بحیرہ عرب میں اگست کے دوران ایک سمندری طوفان نے جنم لیا ہے۔ یہ ڈیپ ڈپریشن شدت اختیار کرکے سمندری طوفان "اسنی” میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سمندری طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں اس طوفانی سسٹم کے باعث 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر بلوچستان کے مختلف مقامات پر بھی آج سے یکم ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے بلوچستان کے رہائشیوں کو بھی ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔

Leave a reply