جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا شدید ردعمل، بجلی کے بھاری بلوں اور تعلیمی اداروں میں منشیات پر تنقید

0
45
hafiz naeem

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے بجلی کے بھاری بلوں کے مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کچھ روپے کی کمی خیرات کے مترادف ہے، جبکہ عوام کو اپنے حقوق ملنے چاہئیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام میٹرک پوزیشن ہولڈر طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ یوتھ ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب کے دوران کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے ملک کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "آج ملک کے ہر تعلیمی ادارے میں منشیات پہنچ چکی ہیں، ہمارے بچوں کے جسموں میں منشیات کا زہر اتارا جا رہا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور اس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام خاموش بیٹھے رہے تو حکمران انہیں اسی طرح بھیک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقے پر بھاری ٹیکسوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر غور و فکر کرنا ضروری ہے۔بجلی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 100 میگاواٹ کے پلانٹ کو کاغذات میں 150 میگاواٹ دکھایا گیا ہے اور ہر دور میں آئی پی پیز (انڈپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کی موجودگی نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات پڑھے لکھے جاہلوں کی وجہ سے خراب ہوئے ہیں اور ملک کی طرز سیاست کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات اور تبدیلیاں وقت کی ضرورت ہیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریر نے حاضرین میں گہرا تاثر چھوڑا اور ملکی مسائل کے حل کے لئے نئے نظریات کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a reply