پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپئنز لیگ کے انتظامات کا اجلاس

0
44
mohsin

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپئنز لیگ کے انتظامات پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران محسن نقوی نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری ہے کہ چیمپئنز لیگ کے آخری چار میچز کے علاوہ تمام میچز مفت دیکھے جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے شہری کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھتے ہیں اور وہ طویل عرصے کے بعد پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کو بڑے ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ چیمپئنز لیگ کے ذریعے نہ صرف نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ کی سطح بھی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے چیمپئنز لیگ کی کامیابی کے لیے پوری ٹیم کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ چیمپئنز لیگ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔
اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر کمرشل، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس، سینئر جنرل مینجر ڈومیسٹک جیند ضیا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ تمام ٹیمیں اور انتظامی عملہ چیمپئنز لیگ کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون اور عزم کے ساتھ کام کریں تاکہ ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a reply