چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قومی مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی اپیل

0
45
yousaf raza gillani

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قومی مفاد کے تحت تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ سیاستدانوں کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے، اور وزیراعظم شہبازشریف کو اس معاملے کی قیادت کرنی چاہیے۔گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم کو اس وقت سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کی سربراہی کرنی چاہیے۔ "اگر وزیراعظم کوئی فیصلہ کریں گے، تو ہم نیشنل سیکیورٹی اور قومی معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے۔ ہمیں ایک مشترکہ ایجنڈے پر عمل کرنا ہوگا تاکہ ملک کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔”
انہوں نے پیپلز پارٹی کے ماضی کے مذاکراتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ہمیشہ مذاکرات کیے ہیں۔ ہم نے اپوزیشن میں نوازشریف سے بات چیت کی اور چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے۔” ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت بھی مذاکرات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، اور اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کی پرانی وابستگی کا بھی ذکر کیا۔یوسف گیلانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک زیرک سیاستدان ہیں، اور ان کا مقصد ملک اور قوم کی خدمت ہے۔ "ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر عوام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ عہدے آتے جاتے رہتے ہیں، لیکن ملک اور قوم کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ "معاشی ترقی کا انحصار پالیسیوں کے تسلسل پر ہے۔ ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ آپ کسی لیڈر سے اختلاف کرسکتے ہیں، لیکن پاکستان سے نہیں۔ ہم سب مل کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کام کریں، کیونکہ پاکستان کی فوج اور سیکیورٹی فورسز آج آپ کے مستقبل پر قربان ہو رہی ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی مسائل پر کسی قسم کا اختلاف نہیں ہونا چاہیے اور سب کو مل کر پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔

Leave a reply