سیالکوٹ : 28 صفر کے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات

سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کور امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں 28 صفر شہادت حضرت امام حسن علیہ السلام کے سلسلہ میں مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں سیالکوٹ سے برآمد ہونے والے قدیمی جلوس کی سیکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، مولانا ایوب ثاقب، مفتی کفایت اللہ شاکر اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور میونسپل کارپوریشن نے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی اور اسٹریٹ لائٹس کو بیک اپ جنریٹرز پر آن رکھا جائے گا۔

اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے نمائندوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کی تعریف کی اور محرم الحرام کے دوران پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے بہترین کوآرڈینیشن کے نتیجے میں محرم پروگرام کا پر امن انعقاد کو سراہا۔

اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Leave a reply