گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی)کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن گوجرانوالہ، سید نوید حیدر شیرازی نے شہر میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات، وال چاکنگ، غیر فعال سٹریٹ لائٹس اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
کمشنر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں موجود مسائل کو بلا امتیاز حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی بھی موجود تھے، جبکہ چیف آفیسر حیدر علی چٹھہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر شیرازی نے مزید کہا کہ سستی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور سٹریٹ لائٹس کو فعال کرنے کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں، غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم بھی دیا گیا اور سی سی او کارپوریشن کو ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔