گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی)سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سول لائن پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ایس پی سول لائن فرحت عباس کی زیر نگرانی ایک مشترکہ آپریشن میں تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے ایک خاتون سمیت دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلو چارسواسی گرام آئس اور ایک کلو ایک سو چالیس گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کیف عرف کیفی اور ملزمہ نواب بی بی شامل ہیں۔

سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے پولیس کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلعی پولیس کی تندہی سے انجام دی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں پولیس اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس آپریشن میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ پیپلز کالونی انسپکٹر مدثر رفیق اور ان کی پولیس ٹیم کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

Shares: