اوکاڑہ:حصول علم کی بدولت انسان کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوتا ہے،ڈپٹی کمشنر

اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ، کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا ہے کہ خواندگی انسان کی زندگی میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے یہ بات خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ناخواندہ افراد اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود، محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم محروم طبقات کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان میں اب بھی لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ تاہم، اوکاڑہ میں محکمہ خواندگی 515 نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکولز کے ذریعے 17097 بچوں کو تعلیم دے رہا ہے۔ گزشتہ 4 ماہ میں انرولمنٹ مہم کے ذریعے 4883 نئے بچوں کو ان سکولوں میں داخل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب فنی تعلیم کے فروغ کے لیے ٹی وی ٹی اے کے تعاون سے مڈل ٹیک پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ لٹریسی ان ویل اور ایکسریٹڈ لرننگ پروگرامز بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔

سیمینار میں نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کیے۔ آخر میں، ڈپٹی کمشنر نے ایک طالبہ کو شیلڈ اور دیگر بچوں اور اساتذہ کو انعامات دیے۔

Comments are closed.