سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض+سٹی رپورٹرمدثراتو): یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں سیالکوٹ کے تاریخی قلعے میں جناح ہال میں تبدیلی ہلال استقلال کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس شاندار تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر اسٹیشن کمانڈر برگیڈیئر اویس توقیر، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، ڈی پی او رانا عمر فاروق اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے شرکت کی اور ہلال استقلال کی رسم ادا کی۔
اس موقع پر شہر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ و طالبات، چناب رینجرز، پنجاب پولیس، تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں، ریسکیو 1222 کے وارڈنز اور اسکاؤٹس کے دستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ طلبہ و طالبات کے بینڈز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے دلنشین نغموں سے ماحول کو قومی جذبے سے لبریز کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہمیشہ پیش قدم رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ملک کی خدمت کے لیے آگے آنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمے اور دلچسپ ٹیبلو پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
اس تقریب میں شامل دیگر اہم شخصیات میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن ملک افضل، چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع طاہر مجید کپور، سی سی او ایجوکیشن جاوید اقبال، ڈی او سیکنڈری ملک اللہ، ڈی اوز ایلیمنٹری اسماء ڈار اور مجاہد حسین علوی شامل تھے۔
یہ تقریب وطن عزیز کے دفاع میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک موقع تھا۔








