اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر): اوکاڑہ میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر فرخ عتیق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کے شہداء نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر فرد ان شہداء کی قربانیوں کا قرضدار ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مختلف اداروں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے تمام اہلکار بھی شہید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء اور ان کے اہل و عیال کی عزت و تکریم ہر ایک پر واجب ہے۔
اس موقع پر سکول کی طالبات نے یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے جن میں تقریریں، مضامین، ملی نغمے، پینٹنگز اور ٹیبلوز شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں خود اعتمادی سے آگے بڑھ سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔