پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی جانچ اور کارکردگی کے جائزے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معائنہ 15 ستمبر سے ملک بھر میں کیا جائے گا، جس میں تمام تسلیم شدہ، مطلع شدہ، نجی اور سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل اداروں کا شامل کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور یقین دہانی کرنا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے پی ایم ڈی سی کے معیارات پر پورا اُترتے ہیں۔پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار کی جانب سے تمام تسلیم شدہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے سربراہوں کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ معائنہ کے دوران جو بھی خامیاں سامنے آئیں گی، ان کا جائزہ کونسل کے ذریعہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد، اداروں کو ان خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایک چھ ماہ کی مہلت دی جائے گی۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کالجوں کے پرنسپلز کو آئندہ معائنہ کے سلسلے میں تمام ضروری طریقہ کار، قانونی امور اور ضابطہ اخلاق کو مکمل طور پر تیار کرنا ہوگا۔ پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ معائنہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے، لہٰذا تمام تعلیمی ادارے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔یہ معائنہ نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہے بلکہ یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اپنے تعلیمی پروگراموں اور سہولتوں میں بہتری لائیں اور ان میں کسی قسم کی کمزوری نہ ہو۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے ملک گیر معائنہ کا اعلان کیا
Shares: