گوجرہ (نامہ نگار باغی ٹی وی عبدالرحمن جٹ) 6 ستمبر کو پورے پاکستان میں منائے جانے والے یوم دفاع کے موقع پر گوجرہ میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد 1965 کی جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔
میونسپل کمیٹی گوجرہ میں منعقدہ اس تقریب کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی ڈوگر اور چیف آفیسر اشتیاق احمد گوندل نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی سے ہوا۔
خطاب کرتے ہوئے میونسپل آفیسر آئی شاہ رخ طارق نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں پاکستانی افواج نے دکھائی جانے والی بہادری اور قربانیاں ہمیں ہمیشہ یاد رکھنی چاہئیں۔ اس دن بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ چھڑ گئی تھی۔ پاکستانی افواج نے دشمن کو کچل کر شکست دی تھی۔
تقریب میں میونسپل کمیٹی کے افسران، سٹاف اور علاقہ کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں شہداء کے لیے دعا کی گئی اور ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے پاکستانی افواج کے حق میں نعرے بازی کی۔