نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اضافہ سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور وفاقی حکومت کو بھیجوا دیا گیا ہے۔نیپرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 24-2023 کی مد میں 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ، نیپرا نے بتایا کہ ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ نیپرا نے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کی کمی کی بھی منظوری دی ہے۔ اس حوالے سے درخواست پر سماعت 28 اگست 2024 کو کی گئی تھی اور اس کمی کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں فراہم کیا جائے گا۔پچھلے ماہ، جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کی گئی تھی۔ نتیجتاً، ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 93 پیسے کی کمی ہوگی۔ دونوں ایڈجسٹمنٹس کو ملا کر، صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔

Shares: