کوٹ مبارک (باغی ٹی وی ،نامہ نگارامداداللہ تھہیم) دو روز قبل بنیادی مرکز صحت یارو کھوسہ کے سامنے ایک نوجوان عبدالحمید ڈوم کوشدید حادثہ پیش آیا تھا جس میں اس کی ایک بازو اور ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔ زخمی کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان کے ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا تھا۔
کل رات نوجوان کی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کا آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے آپریشن کے بعد ٹانگ پر ٹانکے لگانے کے بجائے سادہ پٹی باندھ دی۔ چند منٹ بعد ہی پٹی خود بخود کھل گئی جس کے نتیجے میں نوجوان سے زائد خون بہنے لگا اور اس کا سارا بستر خون سے لبریز ہو گیا۔
اس واقعے کو ڈاکٹروں کی سنگین غفلت قرار دیتے ہوئے، نوجوان کے اہل خانہ نے اسے سرکاری ہسپتال سے نکال کر کسی اور نجی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ورثاء اس سنگین واقعہ پر ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور متاثرہ نوجوان کو انصاف دلانے کے لیے فوری کارروائی کریں۔ ساتھ ہی ہسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ذمہ دار ڈاکٹروں کو سزا دی جائے۔