ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،نامہ نگار شہزاد خان): وزیراعلیٰ کا صاف ستھرا پنجاب پروگرام انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ناکام ہو چکا ہے۔ گلشن آباد کالونی میں سیوریج کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے لگا ہے۔
خدا بخش چوک کے عقب میں واقع گلشن آباد کالونی کے مکینوں کے مطابق، سیوریج لائنیں بند ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلیوں اور گھروں میں جمع ہو رہا ہے۔ اس سے بدبو اور مچھروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے لوگ سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں۔
علاقہ مکین بشیر احمد خان، رب نواز، رحیم بخش، غلام فرید، حاجی جندو خان، منظور حسین، راشد حسین، نادر حسین اور قاری احمد سعیدی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اور کمشنر ڈیرہ غازیخان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر گلشن آباد کالونی میں سیوریج کے مسئلے کا حل نکالیں اور پانی کی نکاسی کا بندوبست کریں۔