نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کی خاتون فلائنگ افسر نے اپنے سینئر ونگ کمانڈر کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، خاتون افسر نے شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ دو سال سے مسلسل جنسی ہراسانی، زیادتی اور ذہنی اذیت کا شکار رہی ہیں۔شکایت کے مطابق، نیو ایئر پارٹی کے دوران سینئر ونگ کمانڈر نے تحفہ دینے کے بہانے خاتون افسر کو اپنے کمرے میں بلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون افسر کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اس معاملے کو رپورٹ کرنے کی کوشش کی، تو انہیں حوصلہ شکنی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، دیگر خواتین افسران کی رہنمائی کے بعد ہی انہوں نے باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی۔
خاتون افسر نے یہ بھی الزام لگایا کہ تحقیقات کے دوران سینئر افسر کو بچانے کی کوششیں کی گئیں اور انہیں ذہنی طور پر مسلسل ہراساں کیا جاتا رہا ہے، باوجود اس کے کہ انہوں نے متعدد درخواستیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف نہ ملنے اور انتظامیہ کے رویے نے انہیں انتہائی قدم اٹھانے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔یہ واقعہ بھارت میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کی ایک اور مثال ہے، جہاں آئے روز خواتین کو جنسی ہراسانی اور زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کیس نے ایک بار پھر بھارت میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔