اوچ شریف :الشمس چوک پر تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، حادثات معمول بن گئے،شہری پریشان

اوچ شریف: باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) شہر کے اہم راستے الشمس چوک پر تجاوزات کا خاتمہ نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ الشمس چوک جو کہ ایک مصروف راستہ ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں گزرتی ہیں اور بچے سکول جاتے ہیں اس چوک پر ریڑھی بانوں کا قبضہ برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے ملازمین نے مخصوص ریڑھی بانوں کو غیر ضروری رعایت دے رکھی ہے، جبکہ دیگر ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ملازمین کو ہر گھنٹے بعد الشمس چوک کی تصاویر بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے، مگر تصویر بھیجنے کے فوراً بعد ہی یہ ریڑھی بان دوبارہ چوک پر قبضہ کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل آ رہا ہے اورشہری حادثات کا شکارہونے لگے ہیں ۔

شہریوں نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ منظور نظر افراد کو دی جانے والی رعایت کی وجہ سے الشمس چوک پر ٹریفک کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کی مشکلات کا حل نکل سکے اور چوک کی حالت میں بہتری لائی جا سکے۔ شہریوں نے مزید کہا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر بھی اسی نوعیت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply