احمد پور شرقیہ میں پولیس کا کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے کا مال برآمد

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ سرکل، چوہدری فرخ جاوید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر، پولیس نے دو ماہ کے دوران ایک جامع اور مؤثر کارروائی کی ہے جس کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنا ہے۔

پریس کانفرنس میں چوہدری فرخ جاوید نے بتایا کہ اس مہم کے دوران پولیس نے مختلف کاروائیوں کے ذریعے تقریباً چار کروڑ روپے مالیت کا مال مسروقہ اور نقد رقم برآمد کی ہے، جس میں زیورات، سونا، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، اور بھینسیں شامل ہیں۔ پولیس نے اس دوران 15 تولہ سونا، 24 بھینسیں، 2 بچھڑے، 30 موٹر سائیکلیں، 36 بکریاں، اور 2 گاڑیاں ضبط کیں۔ اس کے علاوہ، سولر پلیٹیں، جن کی مالیت تقریباً ڈھائی کروڑ روپے ہے، بھی برآمد کی گئی ہیں۔

منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 من چرس، 4 من بھنگ، 15 ہزار لیٹر شراب، 139 پسٹل، اور 3 کلاشنکوفیں برآمد کی گئیں۔ مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کاروائی کے دوران، کیٹگری A کے 123 اور کیٹگری B کے 649 مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی چوہدری فرخ جاوید نے کہا کہ پولیس کی یہ کارروائیاں عوام کی حفاظت اور قانون کی بالادستی کے لیے جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کو کسی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی اور ان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

پریس کانفرنس میں ریجنل پولیس افیسر رائے بابر سعید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان کی قیادت میں، پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ ان میں ریڈر ٹو ڈی ایس پی چوہدری محمد نعیم ناصر، محمد ناصر خان نیازی، چوہدری سہیل احمد قادری، سید ناصر محمود رضوی، سردار اے ڈی جلوانہ، عمران اکبر خان، احمد خان بابر، سید مبین شاہ، علی لعل جلوانہ، چوہدری امان اللہ بھلر، حسن خان پٹھان، عمران حفیظ خان، اور جاوید مغل شامل تھے۔

ڈی ایس پی چوہدری فرخ جاوید نے عوام کو یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں ان کے تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہیں، اور انہوں نے عوام سے تعاون کی درخواست کی تاکہ جرائم کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔

Comments are closed.