گوجرہ(باغی ٹی وی نامہ نگار عبدالرحمان جٹ) گوجرہ میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مختلف جگہوں پر بڑے جوش و خروش کے ساتھ جلوس نکالے گئے۔ مرکزی درس سے پیر سید اسرار البہار شاہ صاحب کی قیادت میں نکالا گیا جلوس اپنے مقررہ روٹ سے گزرتا ہوا چوک ملکاں والا پہنچا۔ جلوس کے تمام راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے، جہاں شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کی تواضع مٹھائی سے کی گئی۔
جلوس کے شرکاء عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں درود و سلام اور نعت رسول مقبول پڑھتے رہے۔ سابقہ پارلیمانی سیکرٹری اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی آمد کی خوشی منانا مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، اور آج پوری دنیا میں اس خوشی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی ولادت کے دن ستارے چمک رہے تھے اور آسمان کا منظر نرالا تھا، اور آج بھی عاشقان رسول مختلف طریقوں سے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
پیر سید اسرار البہار شاہ صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرے اور ان کی حیات طیبہ کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے۔
دوسری طرف، خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ خواجہ زندہ پیر گھمکول شریف پیر عتیق الرحمان نقشبندی کی قیادت میں بھی ایک بڑا جلوس نکالا گیا، جو پنسرہ روڈ سے ہوتا ہوا گڈا خانہ چوک پہنچا۔ اس جلوس میں درود و سلام اور نعت پڑھتے ہوئے شرکاء نے مختلف راستوں سے سفر کیا۔ جلوس کے اختتام پر پیر سید اسرار البہار شاہ صاحب نے عالم اسلام اور پاکستان کی سرفرازی کے لیے دعا کی۔
ایک اور بڑا جلوس مرکزی چامعیہ چراغیہ سے پیر سید ذیشان المجتبے اور سید عثمان حسن شاہ کی قیادت میں نکالا گیا، جس میں گھوڑوں کا ایک بڑا قافلہ بھی شامل تھا جو اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتا رہا۔ اس کے علاوہ، جلوس میں کار، بس، اور موٹر سائیکلوں کا ایک بڑا قافلہ بھی شامل تھا۔
جلوس کے میونسپل کمیٹی پہنچنے پر اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی ڈوگر اور چیف آفیسر اشتیاق احمد گوندل نے جلوس کا استقبال کیا اور شرکاء کو مٹھائی تقسیم کی۔ میونسپل کمیٹی نے جلوس کے راستوں میں پانی کی سبیلیں لگائیں اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام کیا۔ شہر بھر میں رنگین چونے سے راستوں کو سجایا گیا تھا، جس سے عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی دو بالا ہو گئی۔








