گوجرانوالہ: عید میلاد النبی ﷺ کا جشن شان و شوکت سے منایا گیا

گوجرانوالہ: (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی )عید میلاد النبی ﷺ کا جشن شان و شوکت سے منایا گیا

تفصیل کے مطابق مطابق محسن انسانیت حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کا یوم ولادت باسعادت نہایت شان و شوکت اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس علامہ الحاج صاحبزادہ پیر محمد داود رضوی، امیر جماعت رضائے مصطفی پاکستان، کی قیادت میں شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ سے نکالا گیا۔

شہر بھر میں مساجد، گلیاں اور بازار رنگین برقی قمقموں سے جگمگا اٹھے، اور پورے شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا۔ جلوس میلاد کی گزر گاہوں کو سر سبز جھنڈیوں، بینرز اور آرائیشی محرابوں سے خوبصورت طریقے سے سجایا گیا۔

یہ جلوس 1400 سے زائد مساجد سے نکلنے والے علمائے کرام کی قیادت میں ہوا اور میلاد مصطفی چوک، گھنٹہ گھر، دروروسلام تک پہنچ کر صاحبزادہ پیر محمد داود رضوی کی دعائے خیر سے اختتام پذیر ہوا۔

ناظم جماعت مولانا حافظ محمد رفیق قادری نے کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر محکموں کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 200 سے زائد سنی فورس اور رضائے مصطفی پاکستان کی تنظیموں کے مجاہدین نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔

محفل میلاد کی صدارت علامہ صاحبزادہ پیر محمد داود رضوی نے کی، جس میں مختلف علما نے شرکت کی اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں حمد و نعت پیش کی۔

علامہ ڈاکٹر مفتی محمد ابو بکر صدیق الازہری نے اس موقع پر کہا کہ یوم ولادت ہمیں نبی اکرم سے عشق و محبت کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی، قومی اور عالمی حیثیت پر غور کرنا چاہیے اور نظام مصطفیٰ کے رنگ میں رنگنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

جلوس کے دوران خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جن میں پاکستان کی ترقی، امن و امان، اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے دعا شامل تھی۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جماعت اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام بھی شاندار جلوس نکالا گیا، جس میں مختلف تنظیموں کے عہدے داران نے شرکت کی اور شہریوں نے بڑے جوش و خروش سے میلاد کی تقاریب میں حصہ لیا۔

Leave a reply