ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے پی اے پر رشوت کے جھوٹے الزامات: نامعلوم لیڈی ہیلتھ ورکر کی من گھڑت شکایت کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے میں درخواست دائر

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) محمد علیم نے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے خلاف ایف آئی اے سے رجوع کیا ہے۔

محمد علیم نے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایک نامعلوم لیڈی ہیلتھ ورکر کی جانب سے ان پر غیر قانونی طور پر رقم طلب کرنے اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ ان الزامات کو بنیاد بنا کر ایک جعلی چیٹ تیار کی گئی جس میں یہ ظاہر کیا گیا کہ انہوں نے چھٹیوں کی منظوری کے عوض پچاس ہزار روپے رشوت طلب کی ہے۔

شکایت میں بتایا گیا کہ یہ جعلی پیغام سوشل میڈیا کے واٹس ایپ گروپ کے ذریعے گردش کر رہا ہے، جس کا مقصد ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچانا اور انہیں بدنام کرنا ہے۔ محمد علیم نے کہا کہ شکایت کنندہ نے اپنی شناخت چھپائی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی نے ذاتی عناد یا سازش کے تحت ان پر یہ الزامات عائد کیے ہیں۔

محمد علیم نے ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ شیخوپورہ کے پوسٹ آفس سے بھیجے گئے اس شکایت نامے اور متعلقہ واٹس ایپ پیغامات کی مکمل چھان بین کی جائے تاکہ اصل ذمہ داروں کا پتہ چلایا جا سکے اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔

Shares: