جمرود (باغی ٹی وی تی وی رپورٹ) فاٹا قومی جرگہ نے 26 ویں آئینی ترمیم میں قبائلی اضلاع کی آزاد حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کی پرانی حیثیت بحال کی جائے اور قبائلی روایات کے مطابق جرگہ نظام دوبارہ فعال کیا جائے۔ فاٹا قومی جرگہ کے مشران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام کو انضمام کے نام پر مشکلات اور بے عزتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لہذا آئینی ترمیم میں فاٹا انضمام کا خاتمہ کرکے قبائلی تشخص اور روایات کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

جرگہ کے مشران نے مزید کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر جرگہ نظام کی بحالی قبائلی اضلاع میں امن کے قیام کے لیے مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ فاٹا انضمام کیس کا فیصلہ جلد سنانے کے لیے لاجر بینچ تشکیل دیا جائے تاکہ قبائلی عوام کی مشکلات کا خاتمہ ہو۔

قبائلی مشران نے کہا کہ فاٹا انضمام قبائلی روایات کے منافی ہے اور اس میں قبائلی عوام کی رائے شامل نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہت جلد سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر کے 26 ویں آئینی ترمیم میں قبائلی اضلاع کی آزاد حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ پیش کریں گے۔

Shares: