ٹھٹھہ: پولیس اہلکاروں کے مسائل پر ایس ایس پی کا اردلی روم، متعدد افسران کو سزائیں

ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں پولیس اہلکاروں کے مسائل کو سننے اور ان کا حل نکالنے کے لیے دفتر میں اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں کے زیر التوا شوکاز نوٹسز اور محکمانہ کاروائیوں پر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلے کیے گئے۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے دوران اردلی روم پولیس اہلکاروں کے سسپنشن، شوکاز اور دیگر مسائل پر احکامات جاری کیے۔ 20 پولیس اہلکاروں کو غیر حاضری، ڈیوٹی میں غفلت، مس کنڈکٹ اور منظم جرائم کی سرپرستی میں ملوث ہونے پر مختلف سزائیں دی گئیں، جن میں معطلی اور انکوائریز شامل ہیں۔

ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے ڈسٹرکٹ پولیس کے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ آئندہ سے ہر بدھ کو پولیس اہلکاروں کے چھٹی، ٹرانسفر، اور ویلفیئر کے مسائل حل کرنے کے لیے دفتر میں اردلی روم کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی دیانتداری، محنت اور لگن سے انجام دیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہو سکیں۔

Leave a reply