واشنگٹن: امریکا میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہار گئے تو وہ دوبارہ نہیں لڑیں گے۔

باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپنی ری پبلکن پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور ممکنہ طور پر یہ ان کے آخری انتخابات ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مباحثے کے لیے اب بہت دیر ہوچکی ہے، ووٹنگ شروع ہے، وہ نومبر میں ہونے والے امریکا کے صدارتی انتخابات بھاری اکثریت سے جیت جائیں گے، اگر وہ کملا ہیرس سے ہار گئے تو یہ ان کے آخری انتخابات ہوں گے تاہم انہیں امید ہے کہ وہ 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات 5نومبر کو ہوں گے، انتخابات سے قبل ہونے والے مقبولیت کے سرویز میں موجودہ امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں سخت مقابلے کا امکان ہے،موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

شمالی کیرولائنا میں ریلی سے خطاب کے دوران کملاہیرس نے کہا تھا امریکی ووٹرز چاہتے ہیں کہ ٹرمپ کے ساتھ ایک اور مباحثہ ہو۔ دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کملاہیرس کے ساتھ ایک اور مباحثہ کرنے سے انکار کردیا تھا ٹرمپ نے کہاتھا کہ کملاہیرس کے ساتھ ایک اور مباحثے میں حصہ نہیں لوں گا، ایک مباحثہ جون میں بائیڈن دوسرا کملاہیرس کے ساتھ ہوا،اب پانچ نومبر سے پہلے کوئی تیسرا مباحثہ نہیں ہوگا۔

Shares: